• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرہ، ہسپتال کارکردگی میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، وزیر صحت

پشاور (خصوصی نامہ نگار) قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس وزیر صحت خلیق الرحمٰن کی زیر صدارت منعقد ہوا، رکن صوبائی اسمبلی میاں عمر، سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان، چیئرمین بورڈ آف گورنرز اشفاق خٹک اور دیگر اعلیٰ صحت حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین بی او جی نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، درپیش چیلنجوں اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر بات اجاگر کی گئی کہ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ضلع نوشہرہ کا واحد ٹرچری کیئر ہسپتال ہے جو لاکھوں افراد کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے نو تشکیل شدہ بورڈ آف گورنرز کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ ہسپتال کی کارکردگی میں نمایاں اور مؤثر بہتری لانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، معیاری ادویات کی دستیابی برقرار رکھی جائے، طبی آلات کو فعال رکھا جائے اور ہسپتال میں صفائی و نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر صحت نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سخت مانیٹرنگ نظام قائم کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر صحت نے کہا حکومت نے بھرتیوں پر عائد پابندی میں نرمی کر دی ہے تاکہ عملے کی کمی کو پورا کیا جا سکے اور خالی آسامیوں پر تعیناتیاں کی جا سکیں۔ مزید برآں وزیر صحت نے ہدایت دی کہ ایس ایس پی ڈسپنسری میں صرف میڈیکل کنٹرول کمیٹی سے منظور شدہ معیاری ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔
پشاور سے مزید