پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ایم ٹی آئی، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) نے مریضوں کےمسائل کے فوری حل کے لئے آن لائن کھلی کچہری کاانعقاد کیا جس کامقصد مریضوں کو شکایات، مسائل اور تجاویز براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ کچہری میں میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مشتاق خٹک، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزار احمد خان، نرسنگ ڈائریکٹر برکت اللہ اور انتظامی افسران نے شرکت کی، ہسپتال ڈائریکٹر نے درخواست گزاروں کی شکایات اور سوالات کے براہِ راست جوابات دیئے۔ موصول ہونے والی لائیو کالز اور سوشل میڈیا کمنٹس کے ذریعے زیراور بعد از علاج مریضوں نے ہسپتال سے متعلق مختلف شکایات، مسائل اور تجاویزبھی پیش کیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق پچھلے 5 سالوں سے ایچ ایم سی کا شکایات سیل مریضوں کی بروقت شکایات کے ازالے کےلیے قائم کیا گیا ہے اسی کے ساتھ آن لائن کھلی کچہری کا یہ اقدام بھی شفافیت کو فروغ دینے، مریضوں کی شکایات کے بروقت ازالے اور ادارے پر عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہسپتال انتظامہ نے موصول شدہ تجاویز کو سراہا اور عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرائی۔ ایچ ایم سی ٹیم نے اہم نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے فوری طور پر متعلقہ شعبہ جات کو ارسال کر دیئے گئےتاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سلسلے کو مہینہ میں ایک بار باقاعدگی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔