پشاور( نیوز رپورٹر )پشاور کے علاقے سیٹھی ٹاون میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈاکو اور گھروالوں کے درمیان ہاتھاپائی و فائرنگ ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکوہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد اپنے ہلاک ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کوشیر محمدولد محمد عمر نامی تاجر نے رپورٹ کی کہ گزشتہ روز دن کے وقت سیٹھی ٹاون میں اس کی بیٹی کے گھر 3نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ ڈکیتی کی غرض سے داخل ہوئے جن میں ایک باہرپہرہ دے رہا تھا،اس دوران شورشرابے پر وہ بھی پہنچے اور ان کا مسلح افراد کے ساتھ ہاتھاپائی شروع ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق مزاحمت کے دوران مسلح افراد نے گھروالوں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں انہوں نے بھی فائرنگ کی ، فائرنگ تبادلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو گولی لگنے سے ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہناہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر ایوب زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورانہوں نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کردی جبکہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھی کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔پولیس کاکہناہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت نہ ہوسکی جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی تلاش جاری ہے ۔