اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے تیل، ایل این جی اور ایل پی جی کا ذخیرہ اور دوبارہ برآمد کیلئے ’’پاکستان میری ٹائم انرجی سٹی‘‘ (پی ایم ای سی) کے قیام کا اعلان کیا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ انرجی سٹی میں عالمی شراکت داروں کو تیل، مائع قدرتی گیس (ایل این جی) اور مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) ذخیرہ کرنے اور آگے برآمد کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے ملکی ساحلی پٹی پر تین سے چار نئی بندرگاہوں کے قیام کے لیے مقامات کی نشاندہی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے ہی خطے میں کشیدگی کے باوجود غیر ملکی ٹرانس شپمنٹ کارگو کی سہولت فراہم کر کے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر چکا ، اور اسی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کو توانائی لاجسٹکس کے ایک اہم علاقائی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔اجلاس میں وزیر بحری امور کا ’’سو سالہ وژن 2047-2147‘‘ کے تحت 12رکنی کثیر ادارہ جاتی کمیٹی قائم کی گئی، جو نئی گہرے سمندر کی بندرگاہوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کرے گی۔