• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، شاداب شاہکار، سمیر زوردار یونائیٹڈ کامیاب، کوئٹہ کو پھر شکست

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نوجوان سمیر منہاس کی زور دار بیٹنگ اور کپتان شاداب خان کی شاہکار کارکردگی کی بدولت پاکستان سپر لیگ میں تین مرتبہ کی سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 وکٹ سے شکست دے کر تیسرے میچ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ دونوں کی 128رنز کی شراکت نے اسلام آباد کو دس گیندیں پہلے کامیابی دلوادی۔ جمعرات کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ نے پانچ وکٹ پر183رنز بنائے تھے۔ کپتان شاداب نے23رنز دے کر تین وکٹیں لیں اور چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے39 گیندوں پر69 ناقابل شکست رنز بنائے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سمیر منہاس نے48 گیندوں پر82 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ انہوں نے تین چھکے اور8چوکے مارے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل 42 ، شامل حسین 21 ، خواجہ نافع 18، بین مکڈرمٹ تین اور بیون جیکبز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ حسن نواز 36 گیندوں پر 66 اور ٹام کرن 22 گیندوں پر 29 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ دن کے دوسرے میچ میں اعظم خان کے 34گیندوں پر74رنز اور کپتان ڈیوڈ وارنر کی ففٹی کی مدد سے کراچی کنگز نے نئی ٹیم راولپنڈیز کو 5وکٹ سے ہراکر ناقابل شکست رہنےکاریکارڈ برقرا ررکھا، آخری اوور میں عباس آفریدی کا چھکا فتح گر ثابت ہوا۔ اعظم کی اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ رشاد حسین نے اعظم کے دو اور محمد عامر نے ایک کیچ ڈراپ کرکے اعظم کو تین چانس دیئے۔ پنڈیز کو مسلسل دوسری شکست ہوئی۔ سلمان آغا نے29اور محمد وسیم نے23رنز بنائے۔قبل ازیں راولپنڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے ۔ڈیرل مچل 65 ،سیم بلنگز 58 ، کپتان محمد رضوان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسپورٹس سے مزید