کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر نے اپنے تجزیئے میں کہا ہے کہ امریکی بیانیہ میں اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں کا ذکر نہیں کیا جاتا، ویتنام کی شکست کے بعد امریکہ کو افغانستان، عراق یا ایران کا رخ نہیں کرنا چاہئے تھا، زمینی فوج کے داخلے کے نتائج کیا ہوں گے۔ پروگرام کے آغاز میں حامد میر نے کہا کہ آج کے خصوصی پروگرام میں ایران کے خلاف نئی جنگ کے دوران پاکستان پر تاریخی تناظر میں پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اپنے تجزیہ میں حامد میر نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں پورا خطہ بالخصوص پاکستان پر اس کے کیا اثرات ہوسکتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متضاد بیانات ماضی کی طرح اس خطے میں جنگ کی صورت میں بار بار سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ ایران پر حملے کا بیانیہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات کے تناظر میں پیش کر رہا ہے جبکہ اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں کا ذکر نہیں کیا جاتا۔