راولپنڈی(اے پی پی، جنگ نیوز)سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کیساتھ شمالی وزیرستان میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ خوارج کے 8دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، خوارج کی نقل وحمل کی کوشش ناکام بنادی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ، صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔جمعرات کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق یکم اپریل کو سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک۔افغان سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا۔سکیورٹی فورسز نے اس گروہ کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس درست اور مہارت سے بھرپور کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ایک بار پھر اس مقف کو ثابت کرتی ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی جانب سے سرحد کے موثر انتظام کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔