کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ قدرتی آفات پر سیاست کرنا افسوسناک عمل ہے، غیر معمولی بارش یا اچانک شدت اختیار کرنے والی موسمی صورتحال میں “پیک لوڈ پریشر” ایک ناگزیر حقیقت ہے، جس سے دنیا کا کوئی بھی بڑا شہر مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکتا ، مشکل گھڑی میں اتحاد ہی بہترین حل ہے اور عوام کو چاہئے کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈا پر دھیان نہ دیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پانی کے بہاؤ اور نکاسی کا ایک قدرتی وقت ہوتا ہے اور یکسر نکاسی آب کہیں بھی ممکن نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید کہا کہ چلتی بارش کے دوران کچھ عناصر صرف تنقید برائے تنقید کے لئے میدان میں آ جاتے ہیں، جو نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ عوامی خدمت انجام دینے والے اداروں کے مورال پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔