کراچی(اسٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے تعلقات کی بحالی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا گیا ہےبھارتی ٹیم نے ستمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے، جس کے بعد ہماری ویمنز ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی بنگلہ دیش بورڈ پر امید ہے کہ بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش آئے گی۔بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے کوششوں میں مصروف ہے، لکھے گئے خط میں بی سی بی نے بی سی سی آئی سے نئے اور موجودہ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر دلچسپی ظاہر کی ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز نظم العابدین فہیم نے کہا ہے کہ ہم مختلف کرکٹ بورڈز کے ساتھ باقاعدہ رابطوں میں رہتے ہیں اور انہی رابطوں کے تحت ہم نے بھارتی بورڈکو بھی خط لکھا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے بی سی سی آئی سے باہمی کرکٹ میں دیگر ممکنہ مواقع تلاش کرنے کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے بولر مستفیض الرحمٰن کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات انتہائی خراب ہوگئے تھے اور بنگلہ دیش نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے بھی منع کردیا تھا۔