کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے مختلف شہروں پر امریکی و اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری رہا،ایٹمی تنصیبات،اورپیٹروکیمیکل زون دارالحکومت تہران اور قم شہر سمیت مختلف شہری مراکز اور رہائشی عمارتوں پر بھی حملے ، تہران کی فضائوں میں آگ اور دھوئیں کے بادل چھائے رہے ، ایران اور عراق کی سرحد پر واقع ایک پیٹرو کیمیکل مرکز، سیمنٹ پلانٹ اور ایک تجارتی ٹرمینل کو نشانہ بنایا گیا، جہاں اطلاعات کے مطابق ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں، ماہشہرمیں پیٹرو کیمیکل زون پر حملے میں 5شہری شہید ہوگئے،امریکا اور اسرائیل نے جنوبی ایران کے صوبہ خوزستان میں بھی دو پیٹروکیمیکل پلانٹس کو نشانہ بنایا ہے جبکہ بوشہر کی ایٹمی تنصیب پر ایک اور حملے میں ایک شخص شہید ہو گیا ہے،امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق، امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے لئے اپنے خفیہ اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا بڑا ذخیرہ تعینات کر دیا ہے۔دوسری جانب ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کئے ہیں ، اسرائیلی حکام کے مطابق تل ابیب اور اس کے گردونواح میں میزائل حملوں کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوئے ہیں،اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں میں اب تک 6,771 اسرائیلی زخمی ہوچکے ہیں ،ایران کی جانب سے خلیج میں امریکی اتحادیوں کے انفراسٹرکچر پر جوابی حملے کئے گئے ہیں، سب سے زیادہ میزائل حملے متحدہ عرب امارات پر ہوئے جہاں 23بیلسٹک میزائل اور 56ڈرونز حملے کئے گئے ،اماراتی حکام کے مطابق دبئی میں دو عمارتوں کو میزائل کے ملبے نے نقصان پہنچایا، جن میں سے ایک عمارت میں امریکی کلاؤڈ کمپیوٹنگ فرم اوریکل کا دفتر قائم ہے۔بحرین میں ہفتے کے روز ناکارہ بنائے گئے ڈرونز کے ملبے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔اپنی سپاہ نیوز ویب سائٹ پر ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے بحرین کی خلیفہ بن سلمان بندرگاہ پر ایک تجارتی جہازایم ایس سی ایشیکا کو نشانہ بنایا ہے، جو "اسرائیلی حکومت کی ملکیت ہے اور کسی تیسرے ملک کے جھنڈے تلے کام کر رہا ہے"۔