ممبئی،انقرہ (اے ایف پی)بھارتی اور ترک پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر آبنائے ہرمز سےگزرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ،بھارتی بیان کے مطابق اب بھی بھارت کے 460ارکان کے عملے پر مشتمل 17 جبکہ ترک وزیر کے مطابق ترک کمپنیوں کے 15 جہاز اب بھی آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ترکی کے وزیرِ ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو کے مطابق ایک اور ترک پرچم بردار جہاز جنگ زدہ آبنائے ہرمز سے گزر گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 28 فروری کو ایران پر امریکا-اسرائیل حملوں کے بعد آبنائے ہرمز بند ہونے سے ترک کمپنیوں کے 15 جہاز وہاں پھنس گئے تھے، جن میں سے اب تک دو جہاز گزرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔وزیر کے مطابق یہ پیش رفت ترکی کی سفارتی کوششوں اور اس حقیقت کے باعث ممکن ہوئی کہ یہ جہاز ایرانی بندرگاہوں سے منسلک تھے یا ایران سے متعلق سامان لے جا رہے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ باقی جہازوں میں سے کچھ نے اجازت مانگی ہے۔