اسلام آباد(صالح ظافر)بھارت نے ہندوستانی فضائیہ آئی اےایف کیلئے 1000کلو گرام وزنی فضائی بم کی مقامی ڈیزائن اور ترقی پر کام شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد اس شعبے میں خود کفالت حاصل کرنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ دو مراحل میں ترتیب دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں چھ پروٹوٹائپ (لائیو اور غیر فعال) بموں کے ساتھ متعلقہ ٹیل یونٹس اور آلات کی ڈیزائن اور تیاری شامل ہے۔ دوسرا مرحلہ خریداری سے متعلق ہے۔ یہ آئی اے ایف کے زیر استعمال روسی اور مغربی ساخت کے طیاروں دونوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔بھارتی وزارت دفاع نے “ڈیفنس ایکوزیشن پروسیجر (DAP) 2020” کے تحت 1000 کلوگرام وزنی فضائی بموں (Mk-84 کے مترادف) کی ڈیزائن، ترقی اور خریداری کے لیے ایک Expression of Interest (EoI) جاری کیا ہے، جس میں ٹیل یونٹس اور متعلقہ آلات بھی شامل ہیں۔ فی الحال، بھارت Mk-84 کلاس کے جنرل پرپز بم غیر ملکی اصل سازوں سے خرید رہا ہے اور یہ IAF میں استعمال ہو رہے ہیں۔