کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے 129 ارب روپے سبسڈی دینے کی بات کرنے میں آسان لگتی ہے یہ سبسڈی پوری کرنے میں بہت محنت لگی ہے۔ تحریک انصاف قیمتوں کے تعین کا متبادل فارمولا دیدے ۔جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کی صورتحال مزید کشیدہ ہو رہی ہے جس سے یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ آیا سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہو چکی ہیں یا بات چیت کے ذریعے حل کی امید اب بھی موجود ہے تاہم دفتر خارجہ اور ایرانی مؤقف نے بعض خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر مذاکراتی عمل کے جاری رہنے کا اشارہ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ 129 ارب روپے سبسڈی دینے کی بات کرنے میں آسان لگتی ہے یہ سبسڈی پوری کرنے میں بہت محنت لگی ہے۔ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کروں گا انہوں نے بہت ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ تحریک انصاف سے کہتا ہوں قیمتوں کے تعین کا متبادل فارمولا دے دیں۔ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں بڑے ٹرکز گڈ ٹرانسپورٹ پبلک ٹرانسپورٹ ڈیلوری وینز کو پیسے دئیے جارہے ہیں اور لاکھ روپے تک بھی دئیے جارہے ہیں پبلک ٹرانسپورٹ بھی فری کردی ہے۔ وزیراعظم نے آج منسٹری آف آئی ٹی اوراسٹیٹ بینک کو کہا ہے کہ پیر کا انتظار نہ کریں آن لائن سسٹم کو فوری کھولیں پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ کا ڈیٹا صوبے دے رہے ہیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ فوری ٹرانسفر کریں امید ہے آج پراسیس شروع ہوجائے گا۔