• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول، ڈیزل مہنگا؛ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوسطاً 25 سے 30 فیصد تک اضافہ

اسلام آباد(نامہ نگار)قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) کو ہفتہ کے روز بتایا گیا کہ پیٹرول ،ڈیزل مہنگاہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوسطاً 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ بعض روٹس پر کرایوں میں 50 فیصد تک اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکام کو 24 گھنٹوں کے اندر نظرثانی شدہ کرایہ نامے جاری کرنے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومتی سبسڈیز کے فوائد کو ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے اضافوں کے ذریعے ضائع نہ ہونے دیا جائے۔ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت این پی ایم سی کا آن لائن اجلاس ہفتہ کے روز منعقد ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بڑے شہری مراکز میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوسطاً 25 سے 30 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ بعض روٹس پر یہ اضافہ 50 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید