کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کی مبارکباد پیش کی ہے۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایسٹر کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ ایمان، ہمدردی اور قربانی کی قوت گہرے سے گہرے زخموں کو بھی مندمل کر کے روشن صبح کی نوید بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نظریہ مساوات، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام پر مبنی ہے اور یہ وہ اصول ہیں جو 1973 کے آئین میں محفوظ ہیں جو ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور دفاع سمیت قومی ترقی میں ان کا نمایاں کردار قابلِ فخر ہے۔