تہران(اے ایف پی) ایرانی میڈیا نے گزشتہ روز بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے باوجود ایران کے کلیدی جزیرے خارگ سے تیل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے انرجی کمیشن کے سربراہ موسیٰ احمدی نے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی اسنا کو بتایا کہ جزیرہ خارگ کے دوروں اور وہاں منعقدہ اجلاسوں کے بعد، میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ حالیہ دنوں میں تیل کی برآمدات میں نہ صرف کمی نہیں آئی بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے۔
ایران کے مغربی ساحل پر واقع جزیرہ خارگ ملک کے لیے تیل کی برآمد کا ایک انتہائی اہم اور تزویراتی ٹرمینل ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں دھمکی دی ہے کہ اگر جنگ ختم کرنے کا معاہدہ جلد طے نہ پایا اور آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو وہ اس جزیرے کو تباہ کر دیں گے۔