ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت محکموں کو فنڈز کی ازسرنو منتقلی سے روک دیا گیا،جس پر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اپنے متعلقہ اداروںہدایات جاری کرتے ہوئے مختلف مدات میں فنڈز کی ازسرِ نو منتقلی (ری اپروپریشن) پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ خزانہ کی ہدایات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی خریداری، فرنیچر و فکسچر، اور تفریح و تحائف سمیت بعض اخراجات کے لیے مختص فنڈز کو کسی دوسری مد میں منتقل نہیں کیا جا سکے گا،مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ انتظامی محکمے، خودمختار ادارے، اتھارٹیز، کمپنیز اور فیلڈ فارمیشنز بغیر محکمہ خزانہ کی پیشگی منظوری کے ان مدات میں فنڈز کی منتقلی نہیں کر سکیں گے۔ یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گی۔