ملتان(سٹاف رپورٹر ) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجوں اور سرکاری ہسپتالوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ سڑکوں پر پیش آنے والے حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں خصوصاً سر پر چوٹ لگنے کے کیسز کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے۔ مراسلے کے مطابق یہ معلومات پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کی جانب سے بھجوائے گئے خط کی روشنی میں طلب کی گئی ہیں تاکہ ٹریفک حادثات کی وجوہات، شدت اور زخمیوں کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا جا سکے،محکمہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ ڈیٹا تین دن کے اندر اندر فراہم کیا جائے تاکہ اسے مرتب کر کے متعلقہ حکام کو بھجوایا جا سکے۔