کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) صوبائی مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان ماحولیات وموسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ تعلیم کے حصول سے ہی زندہ قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں چونکہ کوئٹہ اور صوبے بھر میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوچکا ہے اس لیے والدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تمام بچوں اور بچیوں کو فوری طور پر قریبی سرکاری یا رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں میں داخل کروائیں تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایاجاسکے یہ بات انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ تعلیم ہی وہ راستہ ہے جو ہمارے بچوں کو ایک محفوظ، روشن اور باوقار مستقبل کی طرف لے جاتا ہے اور تعلیم حاصل کرنا نہ صرف ہر بچے کا بنیادی حق ہے بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنے اردگرد موجود ہر بچے کو سکول تک پہنچائیں اور اسے علم کی روشنی سے محروم نہ رہنے دیں۔