کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین ممبر بلوچستان بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کو عوام پر براہ راست معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پسے ہوئے عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرانا حکمرانوں کی سنگدلی ، نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے اثرات پوری دنیا پر ضرور مرتب ہوئے ہیں لیکن جس طرح پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے وہ حکومتی نااہلی اور عوام دشمن فیصلوں کی بدترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اپنے غیر ضروری اخراجات اور شاہ خرچیوں پر قدغن لگائے اور عوام پر مسلط کیے گئے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے ۔