کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے چوتھی کامیابی حاصل کرکے پلے آف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی ۔ راولپنڈیز کو با آسانی سات وکٹ سے شکست دے دی ۔ راولپنڈیز کو لگاتار چوتھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔ اس میچ کے ساتھ ہی لاہور میں لیگ کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا۔ اب کراچی میں میچز 8 اپریل سے شروع ہوں گے۔ پیر کی شب قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔فرحان کے کرارے وار جاری رہے،سلطانز عمدہ پرفارمنس سے راولپنڈیز پر چڑھ دوڑے۔ شان مسعود نے 15 گیندوں پر27رنز ناٹ آؤٹ ہوئے ایک چھکا اور دو چوکے لگاکر بنائے۔ ایشٹن ٹرنر نے دس گیندوں پر26 ناٹ آؤٹ رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ملتان کو واحد شکست 13اوورز کے میچ میں ہوئی ہے۔ محمد عامر نے32 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ رشاد حسین کے تین اوورز میں46رنز بنے۔ عامر خان نے44 رنز دے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسٹیو اسمتھ پانچ رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے۔ دوسرے وکٹ پر صاحبزادہ فرحان اور جوش فلیپی نے112 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ فلیپی نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے30گیندوں پر56رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر68 پانچ چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے اسکور کیے۔ قبل ازیں راولپنڈیز نے 8وکٹ پر 182 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے 34 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور سات چوکے شامل تھے۔ اسپنر فیصل اکرم نے 4 اوورز میں 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کامران غلام نے 35 رنز بنائے۔ انہوں نے24 گیندوں کا سامنا کیا ، دو چھکے اور تین چوکے لگائے۔ ڈائن فوریسٹر 24، کپتان محمد رضوان 19، ڈیرل مچل 17 رنز بنا کر فیصل اکرم کا نشانہ بنے۔ ملتان سلطانز کے عرفات منہاس نے22رنز دے کر دو جبکہ پیٹر سڈل اور محمد اسماعیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔