• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید قربان سے قبل کانگو وائرس کا خطرہ، این آئی ایچ کی ہنگامی ایڈوائزری جاری

کراچی (بابر علی اعوان)عید قربان سےقبل کانگو وائرس کا خطرہ، این آئی ایچ کی ہنگامی ایڈوائزری جاری۔گزشتہ سال کیسز اموات میں اضافہ، چیچڑی سے بچاؤ، حفاظتی لباس اوردستانوں کے استعمال پرزور، عوام کو احتیاط کی تلقین۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل کانگو وائرس (کرائمین کانگو ہیمرجک فیور) کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر نیشنل انسٹیٹیوٹس آف ہیلتھ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے ملک بھر کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں عوام، محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک سے وابستہ افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق کانگو وائرس ایک خطرناک زونوٹک بیماری ہے جو عموماً ٹِکس (چیچڑی) کے ذریعے یا متاثرہ جانوروں کے خون اور گوشت سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے، جبکہ یہ ایک انسان سے دوسرے انسان میں بھی منتقل ہو سکتی ہے۔ اس بیماری کی شرح اموات 10 سے 40 فیصد تک ہو سکتی ہے، جو اسے ایک مہلک وائرس بناتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 2024 کے دوران کانگو کے 61 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں شرح اموات 15 فیصد رہی، جبکہ 2025 میں کیسز بڑھ کر 82 ہو گئے اور 20 اموات رپورٹ ہوئیں، جو تقریباً 24.4 فیصد شرح اموات بنتی ہے۔ مارچ 2026 تک 4 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید