چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تہران، واشنگٹن اور اسلام آباد کی قیادت کی انتھک سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تباہی کے راستے کے بجائے مذاکرات کا انتخاب کیا اور کشیدگی سے پیچھے ہٹنے کا دانشمندانہ فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے دانشمندی، عزم اور امن کے لیے پختہ وابستگی کے ساتھ قیادت کا کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تینوں ممالک کی قیادت نے کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جبکہ یہ جنگ بندی پورے خطے کے لیے سکون کا سانس لینے کا ایک اہم موقع ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت محض عارضی وقفہ ثابت نہیں ہوگی بلکہ پائیدار امن، استحکام اور باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز بنے گی جو خطے اور دنیا بھر میں مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا۔