راولپنڈی (حافظ وسیم اختر، اسٹاف رپورٹر) پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ اور قرآن مجید کے دفاع میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے ساڑھے چار سو صفحات پر مشتمل دستاویزی کتاب تصنیف کر دی ،اسلامو فوبیا کے خلاف مستند مواد، قرآن وسنت، بائبل اور انگریزی کتابوں سے دلائل دیئے گئے،مصنف ،علوم اسلامیہ کے فاضل ،جامعہ ازہر سے فیض یاب، پنجاب یونیورسٹی سے گولڈمیڈلسٹ ہیں۔ 1958 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے لاہور کے متمول خانوادے کے سربراہ فضل الرحمٰن بن محمد، جن کی عمر اس وقت 90 سال ہوچکی ہے، نے اپنی اس تازہ تصنیف کے ذریعے اسلامو فوبیا کے خلاف ایک توانا آواز بلند کی ہے۔فضل الرحمٰن بن محمد محض ایک کھلاڑی ہی نہیں بلکہ علومِ اسلامیہ کے فاضل، جامعہ ازہر (مصر) سے فیض یافتہ اور پنجاب یونیورسٹی سے اسلامیات و عربی میں گولڈ میڈلسٹ بھی ہیں۔