اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان بدھ کی صبح ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اقدام قرار دیا جو بات چیت، تحمل اور خطے میں مستحکم ماحول کیلئے راستہ فراہم کرتا ہے، انہوں نے کہا پاکستان کو دانشمندی، عزم اور امن کیلئے ثابت قدمی کے ساتھ قیادت کرنے پر فخر ہے،جنگ بندی کو اب مستقل بات چیت، اعتماد سازی کے اقدامات اور پرامن حل کے واضح عزم کے ذریعے مستحکم کیا جانا چاہیے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خلوص نیت کے ساتھ کشیدگی میں کمی کیلئے نیک نیتی سے مسلسل کام کیا، جب دنیا ایک سنگین تباہی کے قریب تھی، ہم نے یہ اقدام خطے اور پوری انسانیت کی بھلائی کیلئے کیا، امن سلامتی، اقتصادی استحکام اور باہم جڑے ہوئے خطوں میں لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے ضروری ہے۔