اسلام آباد (رانا غلام قادر )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کے روزملاقات کی، ملاقات میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئےپاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،سول عسکری قیادت نے تمام فریقوں کی جانب سے تحمل کے مظاہرے کو سراہا ، جنگ بندی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور، پرامن مذاکراتی حل تک مکمل تعاون اور سہولت کی فراہمی کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز سے لبنانی ہم منصب نواف سلام کا بھی رابطہ ، لبنانی وزیر اعظم نے لبنان اور اس کے عوام کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے لئے پاکستان سے تعاون مانگ لیا ، شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف سے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز ، بحرین کے فرمانرواشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹوکر اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کے بھی ٹیلیفونک رابطے ہوئے ہیں، عالمی رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کرانے اورفریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی،مخلصانہ اورحقیقی کوششوں کی توثیق پر شکریہ بھی ادا کیا ، رہنماؤں نے مذاکرات کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کروادی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اب تک کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام فریق امن اور جنگ بندی کو برقرار رکھیں۔قیادت نے تمام فریقوں کی جانب سے تحمل کے مظاہرے کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کو پرامن مذاکراتی حل تک پہنچنے کے لئے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرتا رہے گا۔وزیر اعظم نے اس عمل میں شامل فریقین کے عزم کو سراہا اور امن کے حصول کی کوششوں میں ان کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔