اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) سفیر ایران رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ اسلامی نظام افراد نہیں بلکہ مضبوط نظریے پر قائم ہے جو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا رہبر کی شہادت کے بعد تمام سازشیں ناکام ہو چکی ،علامہ شبیر میثمی نے کہا حق کی فتح کا سلسلہ جاری رہے گا ،شیعہ علماء کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس پاکستان کے زیرِ اہتمام جامع مسجد امام صادقؑ اسلام آباد میں رہبرِ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے رفقاء و دیگر شہداء کے چہلم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کی جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں علامہ سید سلمان نقوی، علامہ افتخار نقوی، علامہ سید حسنین گردیزی، علامہ سید اسد زیدی، ڈاکٹر جابر محمدی، ڈاکٹر سید محمد نقوی، سید اشتیاق حسین کاظمی، آغا فیاض مطہری اور فتح رضوی سمیت دیگر علماء و معززین نے شرکت کی۔