تہران /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوز ڈیسک) جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں غیر یقینی صورتحال برقرار‘جنگ بندی سے اب تک صرف 10جہازوں نے آبی گزرگاہ عبور کی جبکہ برطانیہ سمیت یورپی رہنماؤں نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیاہے جس میں لبنان کو بھی سیز فائر میں شامل کرنے کا مطالبہ کیاگیاہے ‘ادھرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ جنگ بندی معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ایران پر پہلے سے طاقتوراور شدید حملے کیے جائیں گے‘ تہران کا ایٹمی ہتھیار حاصل کرنا یا آبنائے ہرمز کی بندش کو جاری رکھنا کسی صورت قبول نہیں‘امریکی فوج اپنے بحری بیڑوں اور عسکری قوت کے ساتھ ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے تک ایران کے گرد موجود رہے گی تاہم انہوں نے یہ بھی کہاکہ وہ ایران کے ساتھ امن معاہدے کے حوالے سے بہت پرامید ہیں اور یہ کہ اسرائیل لبنان میں حملوں میں کمی کر رہا ہے جبکہ ایران کے رہبراعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کاکہنا ہے کہ تہران اپنے سابقہ سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای اورشہدا کے خون کا بدلہ لینے کے لیے پرعزم ہے‘عوام سڑکوں پر رہیں ‘ جنگ نہیں چاہتے مگر اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے ‘ایران کے نائب وزیرخارجہ سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے کہ ایران گزشتہ رات جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جواب دینے ہی والا تھا لیکن آخر وقت میں پاکستان نے روک دیا‘ اگر امریکا اپنی جارحیت سے باز آ جائے تو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہوکا کہنا ہے کہ انہوںنے لبنان کی جانب سے بار باربات چیت کی اپیل پر کابینہ کو مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت کی ہےجبکہ لبنان کے صدر جوزف عون کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے‘ایران کے صدرمسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ حملوں کا تسلسل مذاکرات کو بے معنی بنا دے گا اور خبردار کیا ہے کہ ایران کے ہاتھ ٹریگر پر رہیں گے۔ ایرانی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی نے یورینیم افزودگی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران یورینیم کی افزودگی کے پروگرام کو محدود کرنے پر رضامند نہیں ہو گا۔ ایرانی پارلیمنٹ کےا سپیکر اور اسلام آباد مذاکرات کے لیے نامزد ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی بھاری قیمت ہے اور اس کا سخت ردعمل ہو سکتا ہے لہذا اس آگ کو بھڑکنے سے فوری طور پر روکا جائے۔نیٹوچیف مارک روٹ کا کہنا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے کسی بھی ممکنہ مشن میں کردار اداکرنے کو تیار ہیں ۔صدرٹرمپ نے جمعرات کو این بی سی نیوز کو ٹیلی فونک انٹرویومیں بتایا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے بعد امن معاہدے کے حوالے سے بہت پرامید ہیں اور یہ کہ اسرائیل لبنان میں حملوں میں کمی کر رہا ہے۔
kk