قاہرہ/دبئی (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) کویت کا کہنا ہے کہ نیشنل گارڈز کی ایک تنصیب کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر حزب اللہ کے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے‘ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے جمعرات کو رپورٹ دی ہے کہ سعودی توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں مملکت کی تیل پیدا کرنے کی صلاحیت میں روزانہ تقریباً 6 لاکھ بیرل کی کمی واقع ہوئی ہےجبکہ اس کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے سپلائی میں تقریباً 7 لاکھ بیرل روزانہ کی کمی آئی ہے۔اسرائیل نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ چیف کے پرسنل سیکرٹری علی یوسف حارشی کو شہید اور حزب اللہ کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پرتازہ حملے کیے گئےجہاں لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقوں میں بھی رہائشی عمارتوں پر بمباری کرکے عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنادیا۔