کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت کے جج سید ندیم حسین شاہ نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی مرحوم آغا سراج خان درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے ذائد اثاثوں کا ریفرنس ختم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ چیئرمین نیب کو اختیار نہیں کہ وہ نیب ریفرنس ختم کر دیں اور نیب حکام کے سامنے فاضل جج نے سوال اٹھایا ہے کہ گواہ موجود ہیں تو پھر ریفرنس کیوں ختم کیا جا رہا ہے؟ کسی قانون میں نہیں کہ ملزم کے انتقال پر کیس ختم کر دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے روبرو چیئرمین نیب کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیئرمین نیب کی درخواست مسترد کردی اور ریمارکس دیئے کہ چیئرمین نیب کی جانب سے دی گئی درخواست پر دستخط ٹھیک نہیں ہوئے۔ گواہ ہونے کے باوجود ریفرنس دیگر ملزمان پر کیوں نہیں چلایا جارہا ایسا کوئی قانون موجود نہیں۔ چئیرمین نیب کی جانب سے دی گئی درخواست کے ساتھ منٹس کی کاپی نہیں دی گئی۔ کیس ختم کرنے کا فیصلہ نیب ایگزیکٹیو بورڈ کرتا ہے اکیلے چئیرمین نہیں کرسکتے۔ کسی قانون میں یہ نہیں کہ ملزم کے انتقال کے بعد کیس ختم کردیا جائے۔ ریفرنس میں دیگر ملزمان پر بھی قانونی کارروائی چلائی جاسکتی ہے۔