راولپنڈی (ناصر چشتی خصوصی نمائندہ )کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے بوٹی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہےکنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول گھوڑا گلی، مری میں قائم میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2026 کے امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں کیمسٹری اور جنرل سائنس کے پرچے جاری تھے۔ دورانِ معائنہ امتحانی ہال سے متصل ایک خالی کمرے کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا، جہاں تین امیدواروں (رول نمبر 952621، 952613 اور 952668) کی حل شدہ جوابی کاپیاں آئی ٹی ٹیچر کے قبضے سے برآمد ہوئیں، جبکہ موقع پر کوئی امیدوار موجود نہیں تھا۔ابتدائی طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ امیدوار پرچہ مکمل کر کے جا چکے ہیں، تاہم حقائق اس کے برعکس پائے گئے کیونکہ پرچہ شروع ہوئے ابھی نصف وقت بھی مکمل نہیں ہوا تھا، جس سے واضح طور پر غلط بیانی اور امتحانی قواعد کی سنگین خلاف ورزی سامنے آئی۔ واقعے کی سنگینی کے پیش نظر کنٹرولر امتحانات نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، نگران عملہ اور متعلقہ آئی ٹی ٹیچر سمیت پانچ اہلکاروں کو موقع پر ہی امتحانی ڈیوٹی سے ہٹا دیا۔مشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے اس واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ امتحانی عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی، بدانتظامی یا بوٹی مافیا کی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔