اسلام آباد (قاسم عباسی) گوگل ٹرینڈز کے مطابق، 8اپریل 2026کو چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں عالمی سطح پر تلاش (سرچ) اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ یہ اضافہ اس وقت دیکھا گیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار پر بین الاقوامی توجہ مرکوز ہوئی۔ گوگل ٹرینڈز کے اعداد و شمار نے ’’فیلڈ مارشل‘‘، ’’عاصم منیر ٹرمپ‘‘ اور ’’پاکستان منیر‘‘ جیسی تلاش (کیوریز) میں تیزی سے اضافہ دکھایا ہے، جو کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت کے درمیان ہونے والی پس پردہ سفارت کاری میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کی نشاندہی کرتا ہے۔ سرچز میں یہ اضافہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد ہوا، جس نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دی۔ اس معاہدے کو، جسے غیر رسمی طور پر ’’اسلام آباد معاہدہ‘‘ کا نام دیا جا رہا ہے، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مربوط کوششوں کے ذریعے ممکن بنایا گیا۔ سرچ کی سرگرمیوں میں یہ غیر معمولی اضافہ متعدد خطوں میں دیکھا گیا۔ اسرائیل میں، علاقائی سلامتی کے خدشات اور جنگ بندی کے فریم ورک کی باضابطہ تصدیق کے درمیان، 7 اور 8 اپریل کے دوران دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا۔