اسلام آباد ( فاروق اقدس )نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہیورپی یونین کی طالبان کو مذاکرات کی دعوت افسوسناک ہے، طالبان سے کسی بھی قسم کی بات چیت کا آغاز اور اختتام افغان خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سے ہونا چاہئے ۔ تفصیلات کے مطابق نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے افغان مہاجرین سے متعلق مذاکرات کے لئے یورپی یونین کی جانب سے طالبان نمائندوں کو برسلز مدعو کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ طالبان کے رویے کے حوالے سے ایک خطرناک پیغام دیتے ہیں پیر کو ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ یورپ کو ایسے نظام کے ساتھ معاہدوں سے گریز کرنا چاہئے جو دنیا کے بدترین انسانی حقوق کے بحرانوں میں سے ایک کا ذمہ دار ہے ۔