اسلام آباد (طاہر خلیل )وزارت اطلاعات و نشریات نے اسلام آباد مذاکرات کے موقع پر ملکی و غیر ملکی میڈیا کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں ،صحافیوں کو میڈیا سینٹر تک لانے کے لیے شٹل سروس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اس موقع پر فول پروف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے، میڈیا نمائندگان کی سہولت کیلئے مکمل کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ خود بھی میڈیا سینٹر میں موجود رہے ، وزیرا طلاعات نے انٹر نیشنل میڈیا سینٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزارت اطلاعات نے میڈیا سینٹر میں کمپیوٹر ،انٹر نیٹ ،سمیت تمام ضروری سہولتیں مہیا کی ہیں ، پاکستان خطے میں پائیدار امن کے فروغ کا خواہاں ہے،پاکستان دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز تک لے آیا ، یہ بڑی کامیابی ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے اعلان کے مطابق ایران اور امریکہ کے صحافیوں کے لئے ویزا آن ارائیول ہوگا ،کوریج کے لئے دنیا بھر سے صحافی پاکستان پہنچ رہے ہیں، صحافیوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔