اسلام آباد (رانا غلام قادر/نیوز رپورٹر) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے24گھنٹے کے طویل اور اعصاب شکن امریکاایران امن مذاکرات کسی معاہدے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کے دورے کے بعد واپس امریکا چلے گئے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی نائب صدر کو الوداع کیا۔نائب امریکی صدر نے ایران سے مذاکرات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے حیرت انگیز کام کیا۔ دونوں نے امریکا ایران اختلافات دور کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں دوپہر کو ایرانی وفد بھی وطن واپس چلاگیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ،چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنش فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی وفد کو الوداع کہا۔ ایرانی وفد میں مجلس شوری کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل تھے۔