• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد مذاکرات سے پائیدار فریم ورک تشکیل دیا جا سکتا ہے،ایرانی سفیر

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نےکہا ہےکہ اسلام آباد مذاکرات سے پائیدار فریم ورک تشکیل دیا جا سکتا ہے، اسلام آباد مذاکرات ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے، اسلام آباد مذاکرات نے ایک سفارتی عمل کی بنیاد رکھی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ان کہنا تھا کہ میں برادر اور دوست ملک پاکستان کا خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے خیرسگالی اور سہولت کاری کے جذبے کے تحت ان مذاکرات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت، فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں سمیت تمام شعبوں کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا جس کے باعث یہ مذاکرات ایک باوقار اور موزوں ماحول میں منعقد ہوئے۔ رضا امیری مقدم کے مطابق مذاکرات میں دونوں فریقوں کو مساوی سہولیات فراہم کی گئیں اور ایک پُرامن، منظم اور محفوظ فضا کو یقینی بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کی اعلیٰ سطح مذاکراتی ٹیم نے وقار، خود اعتمادی اور اللہ تعالیٰ پر ایمان کے ساتھ اور عوام کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم ایرانی قوم کے لیے باوقار انداز میں مذاکرات کیے تاکہ قومی مفادات اور عوام کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اگر باہمی اعتماد اور ارادہ مضبوط کیا جائے تو یہ عمل فریقین کے مفادات کے لیے پائیدار فریم ورک تشکیل دے سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید