لاہور( این این آئی)ایف بی آر کا احتساب سخت، کسٹمز ملازمین کے ڈسپلنری ریکارڈ طلب، گریڈ 1 سے 15 تک کے ملازمین کیخلاف ڈسپلنری کیسز کا ریکارڈ مانگ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈسپلنری نظام میں شفافیت اور مانیٹرنگ مزید موثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کسٹمز ملازمین کے خلاف کارروائیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے گریڈ 1 سے 15 تک کے ملازمین کے خلاف ڈسپلنری کیسز کا ریکارڈ مانگتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سال 2026 کے دوران نمٹائے گئے کیسز کی مکمل رپورٹ بھی جمع کروائی جائے۔ اس کے علاوہ یکم جنوری سے 31 مارچ تک کے تمام کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فیلڈ فارمیشنز کو کیسز کی کیٹیگری وائز مکمل تفصیل جمع کروانے کا کہا گیا ہے، جس میں معطل ملازمین ، برطرفی، جبری ریٹائرمنٹ اور دیگر سزائوں کا ڈیٹا بھی شامل ہوگا۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ معمولی اور بڑی سزائوں سمیت تمام فیصلوں کی تفصیلات رپورٹ میں شامل کی جائیں، جبکہ اوپننگ بیلنس، نئے کیسز اور مجموعی کیسز کا مکمل ریکارڈ بھی فراہم کرنا لازمی ہوگا۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد احتساب کے عمل کو مزیدشفاف بنانا اور ادارے میں نظم و ضبط کو مضبوط کرنا ہے۔