کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی لیز شدہ، زیرِ لیز اور ختم ہونے والی پراپرٹیز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہیڈ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن زاہد خان خلجی، لا آفیسر میٹروپولیٹن، چیف میونسپل آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیتی جائیدادوں اور مختلف افراد و اداروں کو دی گئی لیز پراپرٹیز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں لیز کی مدت، معاہدوں کی شرائط، زیرِ التواء معاملات، ختم ہونے والی لیزز اور ان پراپرٹیز کو قانونی طریقہ کار کے تحت واگزار کرانے کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی اور ہیڈ منسٹریٹر میٹروپولیٹن زاہد خان خلجی نے اجلاس کے دوران تمام متعلقہ شواہد، ریکارڈ اور دستاویزات کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ میٹروپولیٹن کی املاک کے تحفظ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔