لاہور(خبرنگار)چہلم شہید رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی سید علی خامنہ ای کے موقع پر جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں عظیم الشان "پاک ایران یکجہتی اجتماع" منعقد ہوا، جس کی صدارت سربراہ تحریک بیداری اُمتِ مصطفیٰؐ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ قومی اجتماع میں شیعہ و سنی مرد و خواتین، تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام، دانشوران، صحافی اور مختلف طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں اُمتِ مسلمہ میں بیداری، اتحاد اور مظلومین کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نمایاں مقررین میں سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین و اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی، صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، چیئرمین اُمتِ واحدہ علامہ محمد امین شہیدی، صدر نظام المدارس پاکستان ڈاکٹر میر آصف اکبر، اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل کے خلاف پیدا ہونے والی عوامی نفرت کو اندرونی اختلافات یا مقامی سیاسی تنازعات کی طرف موڑنا ایک سنگین فکری غلطی ہوگی۔