کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے اپنے 1000ویں ون ڈے انٹر نیشنل کو یادگار بناتے ہوئے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں آسٹریلیا کو بڑا اسکور کرنے کا موقع نہیں دیا۔ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلنے والے عرفات منہاس نے پانچ وکٹیں لیتے ہوئے نیا پاکستانی ریکارڈ بنادیا۔آسٹریلیا کی ٹیم اسپنرز کے جال میں پھنس گئی اور44.1اوورز میں200رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس نے ذاکر خان کا چالیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔عرفات منہاس نے ڈیبیو پر بہترین بولنگ کا پاکستانی ریکارڈ بنادیا ۔ پشاور میںذاکر خان نے 1984میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ پاکستانی بولنگ کے سامنے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میتھیوشارٹ نے55 رنز 76گیندوں پر اسکور کئے۔ میٹ رینشا 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ابراراحمد نے دو، جبکہ حارث رؤف، شاہین آفریدی، سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔آسٹریلیا کے چھ بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے۔آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔دیگر بیٹرز میں میتھیو کوہنمن 24، ایلکس کیرے 19، کپتان جوش انگلس 13، نیتھن ایلس 8، اولیور پیک 7جبکہ مارنس لبوشین، کیمرون گرین اور تنویر سانگھا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان نے 21سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس کو ڈیبیو کیا، جو اس سے قبل پاکستان کے لیے چار ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیل چکے ہیں۔ لیگ اسپنر شاداب خان، جنہوں نے آخری بار2023ورلڈ کپ کے دوران ون ڈے کھیلے تھےوہ بھی پاکستان کی الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ میزبان ٹیم نے چار اسپنرز کے ساتھ میچ کھیلا ، عرفات اور شاداب کے علاوہ ابرار احمد اور سلمان علی آغا جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف فاسٹ بولر تھے۔چھ اہم کھلاڑیوں سے محروم آسٹریلیا نے 19سالہ بیٹر اولیور پیک کو ڈیبیو کیا جبکہ لمبے قد والے فاسٹ بولر بلی اسٹین لیک کی سات سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی۔ کیمرون گرین کو مڈل آرڈر میں شامل کیا گیا تھا۔کپتان جوش انگلس کے لیے الیون میں تنویر سنگھا اور میتھیو کوہنیمن دو اہم اسپن آپشن تھے۔ ایڈم زمپا گردن میں درد کی وجہ سے دیر سے انتخاب سے دستبردار ہو گئے تھے۔میچ کے ابتدائی اوورز میں آسٹریلوی اوپنرز نے قدرے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن جلد ہی پاکستانی ا سپنرز نے میچ کا رخ اپنی جانب موڑ دیا۔پاکستان کی جانب سے خاص طور پر اسپن بولنگ نے آسٹریلیا کے مڈل آرڈر کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔پاکستان کی جانب سے نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور پہلے اسپیل میں ہی اہم وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کی بیٹنگ کو مشکل میں ڈال دیا۔ انھوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔