کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں2 افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی،چھت سے گر کر مزدور ، پانی کے ٹینک میں گر کر کمسن بچی جاں بحق ہو گئی ، 2 افراد کی لاشیں ملیں ،تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن حب ریورروڈ کے قریب لوڈنگ منی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 71 سالہ عمران ولد غلام حسین جاں بحق جبکہ 53 سالہ علی محمد ولد جان محمد شدید زخمی ہوگیا ،دونوں افراد مشرف کالونی کے رہائشی،نجی فیکٹری جا رہے تھے کہ حادثہ ہوگیا،پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، ابراہیم حیدری فش ہاربربرف خانے کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکرسے راہ گیر 40 سالہ عبدالمجید ولد محمد جاں بحق ہوگیا ،متوفی چشمہ گوٹھ کارہائشی تھا،پولیس کے مطابق قریب موجود ماہی گیروں نے ٹرک ڈرائیو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ، دریں اثنا نارتھ ناظم آباد بلاک این کے قریب زیر تعمیر بلڈنگ میں کام کے دوران چھت سے گرکر مزدور 28 سالہ صفدر اقبال ولد منیر حسین جاں بحق ہو گیا ، سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں گھر کے پانی کے ٹینک میں گر کر 2 سالہ زہرا دختر مشتاق جاں بحق ہوگئی ، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، علاوہ ازیں ڈیفنس فیز سیون اسٹریٹ نمبر6 میں قائم بنگلے کے اندر چوکیدار 35سالہ نیاز ولد رحیم الہیٰ کی لاش ملی ، ڈاکٹروں نے طبی موت کو قرار دیا ہے، کالا پل ریلوے گراونڈ کے قریب 27سالہ توقیر ولد رفیق کی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کے مطابق فوری طور پر ڈاکٹروں نے وجہ موت بتانے سے گریز کیا۔