کراچی(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنےپی ایس ایل 11 کے آرام کے دن کینسر سے متاثرہ بچوں سے ملاقات کی، جنہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے انڈس ہسپتال سے ایک ہوٹل میں مدعو کیا تھا۔ ملاقات کرنے والوں میں ٹیم کے مالک حسن عمر، منیجر اعظم خان، فراز مقبول اور کھلاڑی ابرار احمد، عثمان طارق، ریلی روسو، بین میک ڈرموٹ اور بسم اللہ خان شامل تھے۔ بچوں کو انڈس ہسپتال کی عفیفہ اور نفیسہ کی نگرانی میں ہوٹل لایا گیا جہاں ٹیم کے کھلاڑیوں نے بچوں کے ساتھ یادگار اور دلکش لمحات گزارے۔ مریض بچے اپنے کرکٹ کے ہیروز سے مل کر بہت خوش تھے، جبکہ کھلاڑی خود بھی اس بات چیت سے جذباتی طور پر متاثر ہوئے۔ لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا، شاہین شاہ آفریدی اور مایہ ناز آل راؤنڈر سکندر رضا بھی شامل ہوئے اور بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ جس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایونٹ کے دوران، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک حسن عمر نے بچوں میں ٹیم کیپس اور گفٹ پیک تقسیم کیے، جس سے ان کے چہروں پر مسکراہٹ آئی۔ یہ دورہ کھلاڑیوں، انتظامیہ اور مالکان کی جانب سے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جو کہ کھیل اور انسانیت کے حقیقی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔