کراچی( اسٹاف رپورٹر )موچکو میں 29 ارب 69کروڑ ایرانی ریال کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار کیے گئے ملزمان میں سے ایک ملزم سی ٹی ڈی کوئٹہ کا اہلکار نکلا۔ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق کانسٹیبل تاج محمد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گرفتار سی ٹی ڈی اہلکار تاج محمد سے لائسنس یافتہ اسلحہ اور گولیاں بھی ملیں۔ملزم سے ملنے والا اسلحہ بھی دیگر برآمدگی کے ساتھ ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ کے قریب غازی خان نامی شخص سے ایرانی کرنسی لیتا تھا۔ملزم کوئٹہ سے ایرانی کرنسی لا کر سہراب گوٹھ پر نامعلوم شخص کے حوالے کرتا تھا۔سی ٹی ڈی کوئٹہ کے اہلکار کو ایک بار میں کرنسی کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں 2 لاکھ روپے ملتے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز موچکو پولیس نے ایرانی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر کے 29 ارب 69 کروڑ ریال برآمد کیے تھے۔ملزمان دو کاروں میں سوار ہو کر بلوچستان سے کراچی پہنچے تھے۔