• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منظم تنظیم کے بغیر جمہوری مقاصد کا حصول نہایت مشکل ہے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز کا اجلاس صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضرت عمر ایڈووکیٹ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی تحصیل صدر ، تحصیل سٹی ، تحصیل کچلاک اور تحصیل سریاب میں علاقائی کانفرنسز اپریل میں مکمل کرنے ، عوامی رابطہ مہم ، پارٹی میں شمولیتی پروگراموں کو ترتیب وار شیڈول کرنے اور تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق ہونیوالے فیصلوں کو زیر غور لایا ، ضلع ایگزیکٹیوز کو رپورٹس مکمل کرنے اور آئندہ اجلاس میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ۔ پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منظم تنظیم کے بغیر جمہوری مقاصد کا حصول نہایت مشکل ہے ، مضبوط اور فعال تنظیم ان مقاصد کو حقیقت میں بدلنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی بنیاد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے رکھی ، خان شہید نے یہ جدوجہد انتہائی کم عمری سے شروع کی تھی آج ہم جس جدوجہد میں شامل ہیں اس تحریک کے اپنے قومی، سیاسی، جمہوری اہداف ہیں جن کے حصول کے لیے پارٹی اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جدوجہد کررہی ہے ۔ پارٹی کارکنان اپنے قومی سیاسی جمہوری اہداف کے حصول کے لیے مضبوط اور منظم تنظیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے میں ڈسپلن کا نہ ہونا اس ادارے کی تباہی پر منتج ہوتا ہے تنظیم میں نظم و ضبط لازمی ہے ، منظم تنظیم، بہترین نظم وضبط اور بااخلاق و باکردار ہونے سے پارٹی صفوں میں عوام کی جوق در جوق شمولیت ممکن ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نہ صرف سیاسی شعور بیدار کرتی بلکہ تربیتی پروگراموں، مباحثوں اور سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں میں اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرتا ہے۔
کوئٹہ سے مزید