• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: جانوروں پر ظلم کی روک تھام کیلئے کمیٹی قائم، سفارشات طلب

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 حکومت نے جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی۔

 وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی نے کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کریں گے، جبکہ اس میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ، ماحولیاتی کارکنان اور دیگر متعلقہ شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ٹی او آر کے مطابق کمیٹی کا مقصد جانوروں کے تحفظ کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانا ہے، کمیٹی کو غیر قانونی جنگلی حیات کی تجارت اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر تجاویز پیش کرنے کی ذمے داری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کمیٹی عوامی آگاہی بڑھانے اور ذمے دارانہ طور پر پالتو جانور رکھنے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے بھی سفارشات مرتب کرے گی، جبکہ بے گھر جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے منصوبے بھی تجویز کیے جائیں گے۔

وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کمیٹی کو سیکریٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی، جبکہ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 اپریل 2026ء تک اپنی سفارشات پیش کرے۔

قومی خبریں سے مزید