• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلندرز کی قسمت نہ جاگ سکی، سپر لیگ میں چوتھی شکست، بیٹنگ کے بعد بولنگ بھی ناکام

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ الیون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے قلندرز کو چھ وکٹ سے ہراکر پلے آف کی امیدوں کو روشن کرلیا۔ قلندز کی قسمت نہ جاگ سکی۔ اسپنر عثمان طارق کی تین وکٹوں کی بدولت دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ میں چوتھی شکست ہوئی۔ اس نتیجے کے بعد پشاور زلمی کا پلے آف کھیلنا یقینی ہوگیا۔ ابرار احمد کے چار اوورز میں14 رنز بنے۔ رائیلی روسو نے 49 گیندوں پر60 نا قابل شکست رنز دو چھکے اور پانچ چوکے لگا کر بنائے۔ بیون جیکبز 14 پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ دو وکٹ جلد گرنے کے بعد رائلی روسو اور حسن نواز نے تیسری وکٹ پر 104 رنز بناکر منزل کو آسان کردیا۔ حسن نواز 32 گیندوں پر49 رنز دو چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے بناکر سکندر رضا کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔ کوئٹہ کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا۔ شاہین آفریدی نے تیسری ہی گیند پر شامل حسین کو آؤٹ کردیا۔ کپتان سعود شکیل ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوئے۔13گیندوں پر12رنز پر دو وکٹ گر گئے۔ چندی مل کو تین رنز پرحارث رؤف نے بولڈ کردیا۔قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز 19.5 اوورز میں 134 پر آؤٹ ہوگئی۔ حسیب اللہ خان 37 گیندوں پر 33 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ 84رنز پر سات وکٹ گرنے کے بعد اسامہ میر نےسات گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فخر زمان 20، عبداللہ شفیق 17، سکندر رضا 15رنز پر آؤٹ ہوئے۔ عثمان طارق نے18 اور جہاں داد خان نے35رنز دے کر 3، 3 جبکہ الزاری جوزف نے41رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسپورٹس سے مزید