کراچی (نیوز ڈیسک) لبنان میں فرانسیسی اقوام متحدہ امن اہلکار مارا گیا۔ میکرون کاحزب اللّٰہ پر الزام، ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، فرنچ صدر کا لبنان سے مطالبہ،حزب اللّٰہ نے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے، اقوام متحدہ کا غیر ریاستی عناصر پر شبہے کا اظہار، لبانی صدر اورحزب اللّٰہ کے اتحادی اسپیکرنبیہ بری کی اقوام متحدہ امن مشن کے فرانسیسی دستے پر حملے کی مذمت کی ہے۔ فرانس نے الزام عائد کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملے میں ایک فرانسیسی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے، اور اس واقعے کے پیچھے حزب اللّٰہ ملوث ہے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ حزب اللّٰہ نے کیا، اور لبنان سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔