لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے ایف آئی اے کو بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو آف لوڈ کرنے سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں، عدالت نے قرار دیا ہے کہ درست ویزا، ٹکٹ اور سفری دستاویزات رکھنے والے شہری کو صرف خدشات یا مبہم وجوہات کی بنیاد پر بیرون ملک سفر سے نہیں روکا جا سکتا، بیرون ملک سفر کرنا آئین کے تحت بنیادی حق ہے، ایف آئی اے کے اختیارات لامحدود نہیں، آف لوڈنگ کرتے وقت افسران کو تفصیلی اور بامعنی وجوہات تحریر کرنا ہونگی،عدالت نے تمام دستاویزات کے باجود شہری کو نائجیریا جانے سے روکنے کا ایف آئی اے اقدام غیر قانونی قرار دے دیا، تحریری فیصلہ جاری کیا فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار عباس کے مطابق امیگریشن کلیئرنس اور بورڈنگ کارڈ جاری ہونے کے بعد اچانک آف لوڈ کیا گیا جبکہ ایف آئی اے نے صرف اس خدشے پر سفر سے روکا کہ شاید وہ دبئی سے واپس نہ آئے فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کسی مقدمے، انکوائری، بلیک لسٹ یا ای سی ایل میں شامل نہیں تھا اور آف لوڈنگ سے اسے مالی نقصان، ذہنی اذیت اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑا، عدالت نے قرار دیا کہ بیرون ملک سفر کرنا آئین کے تحت بنیادی حق ہے۔