کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کی ایران سے منسلک جہازوں پر قبضہ کرنے کی تیاری، امریکی افواج دنیا بھر میں تہران کی مدد کرنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گی، وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی حکام نے بتایا فوج آئندہ چند روز میں ایران سے منسلک تیل بردار جہازوں پر چڑھائی کر کے بین الاقوامی سمندری حدود میں تجارتی بحری جہازوں کو اپنی تحویل میں لینے کی تیاری کر رہی ہے، جس سے بحری کارروائیوں کا دائرہ مشرقِ وسطیٰ سے باہر بھی پھیل سکتا ہے۔ یہ منصوبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز پر اپنی گرفت مزید سخت کرتے ہوئے ہفتے کے روز کئی تجارتی جہازوں پر حملے کیے اور اعلان کیا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کو ایرانی افواج کی ’’سخت نگرانی‘‘ میں رکھا گیا ہے۔