• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناکافی تفتیشی افسران کے باوجود NCCIA کراچی کی بہتر کارکردگی

کراچی (اسد ابن حسن) کراچی جیسے بڑے شہر میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم اور تفتیشی افسران کی کمی کے باوجود نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کراچی سرکل مزکورہ جرائم کے سد باب کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے، تین ماہ میں خواتین ہراسانی کے 78کیسز میں ریلیف، کال سینٹرز پر 12 چھاپے 7مقدمات درج، ڈی جی اب بہتر مالی وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سرکل کے سربراہ طارق نواز نے "جنگ" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے تین ماہ میں ادارے کی ساکھ کی بحالی کی کوششیں کی گئیں اور اسی عرصے میں مجموعی طور پر 25 مقدمات درج کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اور ان کی 17 رکنی تفتیشی ٹیم کی سب سے زیادہ توجہ خواتین کو بلیک میلنگ اور ان سے ناجائز مطالبات اور رقوم وصول کرنے کے حوالے سے ریلیف دلوانے پر ہے اور اسی لیے انکی ٹیم نے 78 خواتین کو ریلیف دیا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ نئے تعینات شدہ ڈائریکٹر جنرل خرم علی سید مالی وسائل بھرپور طریقے سے سرکلز کو فراہم کر رہے ہیں اور بہتر کارکردگی کے لیے 60 کروڑ کی نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں جبکہ پورے ادارے کا پٹرول کا بجٹ 90 لاکھ ماہانہ کر دیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ کال سینٹرز اور اسکیمرز سینٹرز کے بڑے بڑے مگرمچھوں جو آئی ٹی کمپنیز کی آڑ میں ناجائز دھندے کر رہے ہیں ان کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور بہت جلد کریک ڈاؤن شروع ہوگا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ صاف شفاف آئی ٹی کا کام کرنے والے کمپنیز بہت بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آئی ٹی کمپنیز کی دو ماہ میں زرمبادلہ ترسیل میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ افرادی قوت کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ 17تفتیشی افسران میں سے سات پولیس سے ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے ہیں جبکہ حیرت انگیز طور پر کراچی سرکل کے پاس صرف ایک فارنسک ایکسپرٹ ہے جو کہ موبائل فونز اور کمپیوٹرز کی فارنسک پر مامور ہے جس کی وجہ سے عدالتی کاروائی میں بے انتہا مشکلات سامنے آرہی ہیں جبکہ لیگل افیسر تو کوئی موجود ہی نہیں پہلے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل ہوتا تھا اب وہ بھی نہیں اب نئے مقدمات کی پیروی کرنا بے انتہا مشکل ہو رہا ہے۔ بہت جلد ساڑھے آٹھ سو نئی بھرتیوں کا عمل شروع ہونے والا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

اہم خبریں سے مزید